32

ثاقب نثارقوم کو بیوقوف بنا کر چلے گئے، احسن اقبال

اسلام آباد - مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنمانے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکو قوم کے سامنے پیش ہونا چاہیئے،وہ قوم کو ڈیم کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے،13 ارب روپے کی پبلسٹی مہم چلائی گئی اور 9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے،13ارب کی وصولی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے کرنی چاہیئے۔

ڈیم فنڈ پر پارلیمنٹ کی کمیٹی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو طلب کر سکتی ہے،اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری جمہوریت پر حملہ ہے،ہم سسٹم کو بچانا اور چلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی کوئی نیت نہیں ہے،نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکے قوم کو جہنم میں دھکیل دیا گیا، اسپیکر صاحب پر خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا پریشر ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پارلیمنٹ ہا ؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی،خواجہ آصف احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے کیا،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سپیکر صاحب نے اہم اجلاس ملتوی کیا،آج سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر بات ہونی تھی،ہم جمہوریت کی بات کرتے ہیں ۔

وفاق کی ایک اکائی کے اسپیکر کو بغیر ثبوتوں کے گرفتاری نامناسب ہے ،یہ آغا سراج درانی کا ذاتی نہیں سپیکر کے عہدے کا معاملہ ہے،اسپیکر کی گرفتاری جمہوریت پر حملہ ہے،انہوں نے کہا کہ رولز میں اسپیکر کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دیا ہے،آپ نے الزام لگانا ہے تو تفتیش کریں اس پر کسی کو اعتراض نہیں،خواجہ سعد رفیق کے خلاف ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

اسپیکر صاحب سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں،ایوان میں حلقے کے عوام کی نمائندگی کرنا سعد رفیق کا حق ہے،اسمبلی میں ہر تقریر کے بعد ایک وزیر اٹھتا ہے اور غیر معقول باتیں کر کے معاملے کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی معیشت پر ہفتہ اتوار کو بھی اجلاس بلانا چاہییے،عوام کو معلوم ہونا چاہییے کہ یہ حکومت ان پر معاشی طور پر ظلم کررہی ہے۔

اسپیکر صاحب موقع پاتے ہی اجلاس ملتوی کر دیتے ہیں،گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافے کی کوئی ضرورت نہیں تھی،ایوان میں مہنگائی کے معاملات پر بات کرنے کا موقع نہیں مل رہا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیخواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اپنے ارکان کو کہا اتنا جھوٹ بولو کہ عوام کو سچ نظر آئیوزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ہر مسئلے کی وجہ گزشتہ حکومت پر ڈال دیں،کل بجلی کی قیمت میں پونے 2 روپے اضافہ کیا گیا۔

وزیراعظم کی انا ہمالیہ سے بھی اونچی ہے،حالات یہ ہیں کہ وزیراعظم کی میڈیا ٹیم سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہے،ہم سسٹم کو بچانا اور چلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی کوئی نیت نہیں ہے،آمر کے دور میں بھی جاوید ہاشمی کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے تھے،کل انہوں نے میٹنگ میں کہا کہ ہم پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کریں گے۔

عمران خان کی حکومت کی عمارت صرف جھوٹ پر کھڑی ہے ،گرمیاں بھی آنے والی ہیں بجٹ بھی آنے والا ہے،عوام انکو بتائے گی کہ انکی کیا اوقات ہے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیاحسن اقبال نے کہا کہ نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکے قوم کو جہنم میں دھکیل دیا گیا ہے،سٹیٹ بینک کی رپورٹ کی رپورٹ حکومت کی اقتصادی کارکردگی پر ایک چارج شیٹ ہے۔

یہ لوگ خرچے کم کرنے آئے تھے،پہلے تین مہینے میں ایک سو ارب روپے کا خسارہ کیسے بڑھ گیا،ٹیکس محصولات میں 174 ارب کا شارٹ فال واقع ہوا ہے،منی بجٹ میں 190 ارب کے اضافی ریوینو جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا،احسن اقبال نے کہا کہ اسٹیٹ بینک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 45 فیصد کمی کی۔

ن لیگ حکومت نے ترقیاتی بجٹ 300 ارب سے بڑھا کر 1000 ارب روپے کیے،ہمارے ترقیاتی بجٹ میں سی پیک، توانائی اور بھاشا ڈیم کے لیے پیسے جاری کیے گئے،انکے وزیر کہتے تھے پاکستان میں 200 ارب ڈالر آنے تھے،اب وزیر کہتے ہیں 200 عرب آنے تھے جو آگئے احسن اقبال نے کہا کہ ڈیم کے لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر ڈاکہ ڈال کر پیسہ اکھٹا کیا گیا۔

سابق چیف جسٹس کو قوم کے سامنے پیش ہونا چاہیئے،جو بابائے ڈیم بنے تھے ،وہ قوم کو ڈیم کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے،ہم نے بغیر چندہ مانگے 122 ارب روپے خرچ کرکے ڈیم کی زمین خریدی،13 ارب روپے کی پبلسٹی مہم چلائی گئی اور 9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے،13ارب کی کی وصولی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے کرنی چاہیئے،جنہوں نے قوم کو بے وقوف بنایا،احسن اقبال نے کہا کہ کل ہم ایوان میں ہم بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرے گے،اگر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

پاکستان کے اندر اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں چلنے دیں گے،اس حکومت کی پالیسیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے،پاکستان کو معاشی طور پر 700 سے 1000 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے،یہ کہتے تھے خودکشی کر لوں گا قرضہ نہیں مانگوں گا،چین اور سعودی عرب سے آنے والا پیسہ انکے خسارے میں ہڑپ ہو گیا،حکومت اور اسکے مشیروں نے رویہ نہ بدلا تو انکو اسی زبان میں جواب ملے گا،جس وزیر کی ڈگری جعلی ہے وہ ہم پر الزام لگائیں گے؟

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ قومی اسمبلی کی قرارداد میں ہماری مشاورت بھی شامل تھی،بھارت کے ساتھ معذرت خوانہ رویہ نہیں اپنانا چاہیئے،وزیراعظم نے تین دن تک ذکر نہیں کیا،یہ کنٹینر کا وزیر اعظم ہے اسمبلی کا وزیر اعظم نہیں ہے ،احسن اقبال نے کہا کہ ڈیم فنڈ پر پارلیمنٹ کی کمیٹی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو طلب کر سکتی ہے،ہم انہیں طلب کریں گے ۔

عمران خان پاکستان کی عوام کے ساتھ دھوکہ عظیم ہے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیرانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسپیکر صاحب پر پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا پریشر ہے میرا دوست شیخ رشید عرف شیدا ٹلی عرف پنڈی کا شیطان کہتا رہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں سکتے،میں پنڈی کے شیطان کو کہتا ہوں کہ علیم خان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے،جہلم کا ڈبو اور شیدا ٹلی اس پر بات کیوں نہیں کرتے۔