32

احتساب پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب کے آڑے کسی کو نہیں آنے دیں گے اور احتساب پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے اراکین کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دور سے آگاہ کیا اور اسے کامیاب دورہ قرار دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کے آڑے کسی کو نہیں آنے دیں گے اور احتساب پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آجاتی ہے، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لائے گی، پاکستان معاشی بحران سے کامیابی سے نکل رہا ہے، اسے جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔