50

ٹیکس نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے ایف بی آر کو ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں انکے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے ،ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے، باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو حراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے۔

ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ریونیو اکٹھا کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان و دیگر افسران شریک ہوئے۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے کیے جانے والے نئے اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیر غور ہیں جن سے کل دو ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ اب تک ان میں 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے، معلومات اور تحقیقات کے چھیاسٹھ کیسزپر کام جاری ہے جن میں سے اب تک 1.5ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے۔

بیرون ملک جائیدادوں (آف شور ایسیٹس) کے کیسز میں اب تک چھ ارب سے زائد کے واجب الادا ٹیکسز اکٹھے کیے جا چکے ہیں ، سیکشن 214ای کے تحت 1.573 ارب روپے کی وصولیاں کی جاچکی ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے اب تک دو ہزار پلازہ کی میپنگ کی جا چکی ہے جبکہ 2500سے زائد پوائنٹ آف سیل پر قابلِ وصول ٹیکس اکٹھا کرنے کے لئے خودکار نظام کی تنصیب کی جا چکی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے ان نئے اقدامات کے تحت 24.818ارب روپے کی وصولی متوقع ہے جبکہ اس میں سے اب تک 11.882ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قابل وصول ٹیکسز کواکٹھا کرنے کیلئے جدید طریقہ کار برؤے کار لائے جائیں تاکہ جہاں نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے وہاں ٹیکس دہندگان کیلئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں،ٹیکس چور قوم ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔

ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،وزیر اعظم نے کہا کہ باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو حراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے، ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے، ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کیلئے آسانی اور انکی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔