32

جعلی اکاؤنٹس کیس: زرداری، فریال اور انور مجید کی نظرثانی درخواستیں مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید اور اومنی گروپ کی نظر ثانی کی تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔

سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک رقم منتقل کیے جانے کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل لطیف کھوسہ نے متفرق درخواست دائر کی۔

درخواست میں عدالتی دائرہ اختیار کو بنیاد بنایا گیا ہے جب کہ سابق صدر نے آئین کے آرٹیکل 184/3 میں اپیل کا حق نا ہونے پر بھی سوال اٹھائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے فل کورٹ ریفرنس کے موقع پر اس پر بات ہوئی تھی اور اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار بھی رائے دے چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے کئی ججز بھی ازخود نوٹس اختیار کے تعین کے حق میں ہیں اس لیے تضاد کو دور کرنے کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔

آصف زرداری کی جانب سے دائر درخواست میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔