35

چیئرمین نیب نے ڈاکٹر صمد کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد۔چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو ریکارڈ اور مبینہ الزامات کی تفصیلات سمیت پیش کیا جائے۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ڈاکٹر عبدالصمد کو 18 فروری کو اسلام آباد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو ریکارڈ اور مبینہ الزامات کی تفصیلات سمیت پیش کیا جائے۔اعلامیے کے مطابق جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ڈاکٹر عبدالصمد کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان کی عزت نفس کو یقینی بنایا جائے اور آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز ڈاکٹر عبدالصمد کو گرفتار کیا جس پر وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے شکوہ کیا۔