125

احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں‘چیئرمین نیب

اسلام آباد۔قومی احتساب بیور(نیب)کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ ذمہ داری ہے،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ نیب ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہیں، فیس نہیں بلکہ ٹھوس شواہد کے مطابق کیس پریقین رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑہے جس کا خاتمہ ذمہ داری ہے، بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیروٹالرنس کی حکمت عملی پرعمل پیرا ہیں،اجلاس میں کرپشن کیسزکی تحقیقات میں پیشرفت کاجائزہ لیا جائے گا۔

جعلی اکانٹس کیس کی تحقیقات پرپیشرفت رپورٹ بھی زیرغورآئی گی،وا ضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق چیئرمین کے پی ٹی احمد حیات کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔اجلاس میں سابق وائس چانسلر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان احسان علی، ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن خیرپور ایاز احمد اور سابق پولیس افسران ملک نوید، میاں رشید و دیگر کے خلاف بھی ریفرنسز کی منظوری دی گئی تھی۔

اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ وائٹ کالرکرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثر مسترد کرتے ہیں۔چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ 900 ارب روپے کے کرپشن کیسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جا چکے ہیں۔