168

بھل صفائی سے متعلق عوامی آگاہی مہم کا آغاز

پشاور۔ضلعی انتظامیہ نے ماحولیاتی آلودگی اور بھل صفائی سے متعلق 10 روزہ عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کابل ریور کنال پر دلزاک روڈ کے مقام پر عوامی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ،اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایون خان، اسسٹنٹ کمشنر یوٹی سمن عباس ، ایس ڈی او ایریگیشن فرید گل، سمیت تاجر برادری سے شاہد خان ، ڈی سی رضا کار فورس کے ممبران،تاجران اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر بات کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور نے پلاسٹک پولیتھین شاپنگ بیگ کے نقصانات کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کی نصف حیاتی مدت کئی سو سال ہے اوراس سے نالیاں بند ہو جاتیں ہیں اور ہمیں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی جگہ قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کر نے چاہییں ۔ انھوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں جب ندی نالوں سے زرعی زمینوں کو سیراب کیا جاتا ہے تو پلاسٹک شاپنگ بیگ کی وجہ سے ہماری زرعی پیداوار کم ہو رہی ہے۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ندی نالوں میں پلاسٹک شاپنگ بیگ نہ پھینکیں۔انھوں نے کہا کہ پشاور کے میگا مالز اور سکندر پورہ میں میڈیسن دکانداروں نے قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کر نا شروع کر دیا ہے اور پشاور میں سلسلہ وار پلاسٹک شاپنگ بیگ کو ختم کیا جائے گا اور دکانداروں کو پلاسٹک شاپنگ بیگ کے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کا استعمال ختم کر کے قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کرنا شروع کر دیں۔اس موقع پر عوام اور تاجروں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ اپنے بازاروں میں دکانداروں کو نقصانات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ تاکہ پشاور سے پولی تھین پلاسٹک بیگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔