46

سکیورٹی واچ ٹاور میں سولر ا نرجی سسٹم کا منصوبہ

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاورنے ائر پورٹ سکیورٹی کیلئے تعمیر کئے گئے واچ ٹاور میں سولر انرجی سسٹم کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کرلیا جبکہ ٹاورز کامنصوبہ اپریل میں مکمل ہوجائیگا اس ضمن میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن ظہور بابرآفریدی واچ ٹاورز کا دورہ کیااس موقع پر ایس پی صدر ڈویڑن صاحبزادہ سجاد بھی موجود تھے صاحبزاد سجاد نے واچ ٹاورز کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنل ایریا کی سکیورٹی کیلئے کل 8 عدد واچ ٹاورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جن میں 6عد د واچ ٹاورز جنوبی طرف جبکہ 2 عدد شمال کی طرف تعمیر کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ واچ ٹاور کی بلندی تقریبا 50 فٹ ہو گی جس سے تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر تک کے علاقہ پر نظر رکھی جا سکے گی صاحبزادہ سجاد نے مزید کہا کہ واچ ٹاورز کی تعمیررواں سال کے دوران اپریل کے آخر تک مکمل کرکے پولیس کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام واچ ٹاورز کو سولر انرجی سسٹم فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جس سے رات کے وقت پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی دینے میںآسانی رہے گی ۔