29

پشاور میں سکولوں کی خستہ خالی کا نوٹس

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش اورمشیر وزیراعلیٰ برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے پشاور شہر کے علاقے شیخ آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرکاری تعلیمی اداروں میں ناکافی سہولیات ،سکولوں کی عمارات کی خستہ حالی اور اساتذہ کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اس ضمن میں اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

انہوں نے گورنمنٹ شہید مبین اسلم قریشی سکول شیخ آباد میں سکول عمارت کے جزوی حصے کو گرا کر دوبارہ تعمیر کیلئے اقدامات کرنے اور مذکورہ سکول میں میٹرک سطح کے لیے درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ مذکورہ علاقے میں پرائمری سکول کے خستہ حال حصے کی دوبارہ تعمیر میں تاخیر پر ذمہ داروں سے وجوہات معلوم کرنے اور گرلز پرائمری سکول شیخ آباد کے لیے داخلی راستے کے مناسب انتظام کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش اور مشیر وزیراعلی برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے آج پشاور شہر کے شیخ آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں واقع سرکاری تعلیمی اداروں اور سول ڈسپنسریوں کا اچانک دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں،طلباء و طالبات کو فراہم کردہ سہولیات اور طبی مراکزکا جائزہ لیا۔

انہوں نے گورنمنٹ مڈل و پرائمری سکول محلہ اسلام آباد کی مکمل عمارت جبکہ جی پی ایس سرکل سٹی ٹاون اور گورنمنٹ شہید مبین اسلم قریشی سکول شیخ آباد کے جزوی حصہ کی دوبارہ تعمیر کا کیس تیار کرنے کی ہدایت کی۔دونوں رہنماؤں نے جی جی پی ایس اور جی جی ایچ ایس شیخ آباد کے لئے مناسب داخلی راستوں کے لئے بھی نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی