32

سعودی ولی عہد آمد‘ سکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر بڑے پیمانے پر سیکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں،پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی جے 17تھنڈر طیارے انہیں سلامی پیش کرکے انہیں اپنے سیکیورٹی حصار میں لے لیں گے، سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،2ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکارڈیوٹیاں دیں گے، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا،اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہے گی،راولپنڈی اسلام آباد میں فضائی نگرانی کی جائے گی، فوٹیج کیلئے ڈرون کیمروں کی اجازت نہیں ہو گی۔

سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 اور 17فروری کو دو روزہ پاکستان کے دورہ پر اسلام آباد پہنچیں گے،پاکستانی کی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے طیارے کو پاک فضائیہ کے جے 17تھنڈر طیارے سلامی پیش کریں گے جس کے بعد یہی طیارے معزز مہمان کے طیارے کو اپنے سیکیورٹی حصار میں لے لیں گے، سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔

جس کے مطابق سیکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز اور انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈوز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد ڈیوٹیاں دے رہی ہے،مجموعی طور پر2ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکارڈیوٹیاں دیں گے جبکہ جڑواں شہروں کی فضائی نگرانی کیلئے وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹرز مختص کئے گئے ہیں،ریڈ زون میں عام افراد کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا جبکہ ریڈ زون کے چاروں اطراف انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات ہوں گے اور علاقہ سیل کر دیا جائے گا،نجی طور پر فوٹیج بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے ڈرون کیمروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جو بھی ڈرون اڑانے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی،14فروری کو سیکیورٹی کی فل ڈریس ریہرسل ہو گی جبکہ سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیاجائے گا۔اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث میٹرو بس سروس بند رہے گی۔