146

قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے والا سرکاری ملازم گرفتار

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کروڑوں روپے کی بد عنوانی کے الزام میں بلوچستان کے محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجیئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر غلام سرور بگٹی کو گرفتار کرلیا۔

نیب کے مطابق غلام سرور بگٹی پر 4 کروڑ 46 لاکھ روپے بد عنوانی کا الزام ہے۔

ملک میں بد عنوانی کی تحقیقات کرنے والے ادارے کے حکام نے بتایا کہ ملزم نے 2017 میں قومی خزانے کو 4 کروڑ 46 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

خیال رہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر محمد عابد جاوید نے وارنٹ جاری کیے تھے، جنہیں حراست میں لینے کے بعد نیب کے ریجنل دفتر میں منتقل کردیا گیا۔

نیب حکام کے مطابق ملزم کو جلد احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گیا، جہاں عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

نیب کے مطابق ملزم کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

6 فروری 2018 کو نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان کے سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسو کو غبن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ 6 ستمبر 2017 کو سپریم کورٹ نے نیب کو ’کرپشن کا سہولت کار‘ قرار دیتے ہوئے نیب بلوچستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔