128

باصلاحیت نوجوانوں کیلئے منصوبہ بندی شروع

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں باصلاحیت نوجوانوں کی سائنسی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی شروع کی ہے جس کے تحت علاقائی سطح پر سائنس میلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مذکورہ سائنسی میلوں میں سکولوں، عصری و تکنیکی علوم کے کالجوں اوریونیورسٹیز کے طلباء و جنرل پبلک حصہ لے سکیں گے جہاں پر وہ اپنے سائنسی ماڈلز، پروٹوٹائپ، جدید آئیڈیازوتحقیق اور سائنسی منصوبے مقابلوں کے لیے پیش کریں گے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اور ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا نے ان سائنسی و تحقیقی میلوں کے انعقاد کا اہتمام کیا ہے جس کے سلسلے میں صوبے کے جنوبی اضلاع کے لیے پبلک لائبریری بنوں میں ماہ رواں 21 فروری، بروز جمعرات سائنس میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں کوہاٹ، کرک،ہنگو، لکی مروت ،ڈیرہ اسمعیل خان، ٹانک، وزیرستان، کرم اور اورکزئی کے نوجوان اپنے سائنسی ماڈلز اور تحقیقی منصوبوں کو مقابلوں میں پیش کرینگے۔

مذکورہ بالا اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان بنوں علاقائی سائنسی میلے میں شرکت کے لیے اپنے آئیڈیاز، ماڈلز اور تحقیقی منصوبوں کی تفصیل مورخہ 18 فروری 2019 تک ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اور ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا پشاور کو بذریعہ ای میل [email protected] پر ارسال کرسکتے ہیں جس کے سلسلے میں رجسٹریشن فارم محکمہ کی ویب سائٹwww.dost.kp.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ مذکورہ میلہ میں نوجوانوں کی شرکت بالکل مفت ہوگی جبکہ انہیں سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ نیز اس علاقائی سائنس میلے کے فاتحین گرینڈ صوبائی سائنس مقابلے کیلئے اہل ہوں گے۔