105

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیب طلب

اسلام آباد۔نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوکل (جمعہ کو) طلب کر لیا۔قومی احتساب بیوریو(نیب)راولپنڈی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرلیا، شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو جمعہ کی صبح 11بجے راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔