141

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی مظام کے خلاف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستانی کی شہ رگ ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم و جبر کے خلاف ہیں۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کئی لاکھ بھارتی فوجیوں سے لڑ رہے ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنے حق خود ارادیت کو حاصل کرسکیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جبکہ جلسے، جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، ساتھ ہی اسلام آباد کے ڈی چوک پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس دن کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی پیغامات دیئے، جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

صدر ڈاکٹرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری عوام کو ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف ہمیشہ برقرار رہے گا۔