157

نئی صحت پالیسی میں قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں، وزیر صحت خیبرپختونخوا

پشاور: وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا ہے کہ نئی صحت پالیسی میں قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ  کا کہنا تھا کہ صحت کی پالیسی میں قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں، قبائلی اضلاع میں صحت کے شعبہ میں بہتری لائیں گے، موجودہ صحت عامہ کی سہولیات میں مزید بہتری لائیں گے اور ہیلتھ کیئر کمیشن سمیت فاونڈیشن پر توجہ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی غذائیت پر توجہ دی جائے گی اور ہیلتھ پالیسی ایڈوائزری قائم کی گئی ہے جو 30 نمائندوں پر مشتمل ہے۔

وزیر صحت کے پی کے کا کہنا تھا کہ صحت کہ تمام ادھورے منصوبوں کو رواں سال مکمل کریں گے، کوشش کریں گے کہ نئے منصوبوں کہ اجرا سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر کی پالیسی سے جان چھڑانی ہے اور کسی بھی تعیناتی سے متعلق مخصوص مدت کا تعین کریں گے۔