150

فروری کے مہینے میں ملک بھر میں شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ماہ بھی ملک بھر میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

 محکمہ موسمیات نے رواں ماہ فروری میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا عندیہ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ پاکستان بھر میں 4 سے 5 بارش برسانے والے سلسلے داخل ہونے کا امکان ہے اور نئے سلسلوں کے داخل ہونے سے پورے ملک کے طول و عرض میں بارشیں ہوں گی، اور ان بارشوں کے باعث سندھ  و بلوچستان کے خشک اور قحط زدہ علاقوں میں بھی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور کہا کہ برفباری کا نیا سلسلہ اگلے 72 گھنٹوں کے بعد شروع ہوجائے گا، ملکہ کوہسار مری میں پے درپے برفباری کے سلسلے آئیں گے اور موجودہ عالمی موسمیاتی کیفیت کے مطابق مری کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ جانے کا امکان ہے، جب کہ بارشوں اور برفباری کے باعث فروری کے دوران درجہ حرارت معمول سے 8 سے 10 سینٹی گریڈ کم رہنے کا اندیشہ ہے۔