198

ڈالر کرنسی میں پاکستان بناؤ بانڈ کا اجراء

اسلام آباد۔حکومت پاکستان ڈالر کرنسی میں پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ کے نام سے 31 جنوری کو ایک بانڈ کا اجراء کر رہی ہے ۔ جس سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لئے تارکین وطن پاکستانیوں کی بچت کو یقینی بنانا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا ہے کہ ان سرٹیفیکیٹس کی مچورٹی مدت دو قسم کی ہو گی ۔ ایک تین سال کی جس میں 6.25 فیصد کا ریٹرن ملے گا اور دوسرے کی مچورٹی مدت پانچ سال ہو گی جس کا منافع ریٹرن 6.75 فیصد ہو گا 

۔ اس حوالے سے ٹرانزکشن مکمل کرنے کے لئے چار بنکوں کو منتخب کیا گیا ہے دوسرے عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ حکومت اور سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر دنیا بھر میں جاری کیا جائے گا ۔ ان سرٹیفیکیٹس کے حوالے سے قواعد و ضوابط وفاقی کابینہ نے گزشتہ دنوں منظور کئے تھے کیونکہ اپنی نوعیت کی یہ پہلی ٹرانزکشن ہو گی جس میں صرف تارکین وطن پاکستانیوں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔

عہدیدار نے بتایا ہے کہ یہ ایک کھلی ٹرانزکشن ہو گی اور یہ بیرون ملک پاکستانیوں سے ان کے ردعمل پر منحصر ہو گا ۔ اس ٹرانزکشن سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور توازن کی ادائیگی میں بھی مدد ملے گی ۔