123

کراچی میں شادی ہالز اور عمارتیں نہیں گرائیں گے، میئر وسیم اختر

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ عمارتیں گرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کو روکا جائے اور فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شہری حکومت کو فٹ پاتھ اور نالوں پر کارروائی کا آرڈر تھا جو ہم نے پورا کیا، اب میں سندھ حکومت سے التماس کرتا ہوں کہ 500 عمارتیں انہدام  کرنے کے حکم نامے پر عملدرآمد روکا جائے، چیف جسٹس اس عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شادی ہالز کو مسمار کرنے کا کہا گیا ہے لیکن شہریوں کی بکنگ ہوئی ہے، لوگوں کے بچوں کی شادیاں ہونی ہیں جب تک متبادل جگہ نہ فراہم کی جائے تب تک کارروائی نہیں کی جائے گی، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل کرے، اگر 525 کچی آبادیاں اور گوٹھ اسکیم ریگولرائز ہو سکتی ہیں تو یہ مسئلہ کیوں نہیں حل ہو سکتا۔

میئر کراچی نے اعلان کیا کہ رہائشی بلڈنگ اور شادی ہال نہیں توڑیں گے، یہ تجاوزات میں نہیں ہیں بلکہ ان کی زمین منتقلی کا مسئلہ ہے البتہ غیر قانونی شادی ہالز کو توڑا جائے گا۔