39

خیبر پختونخوا اور جدہ کے صنعت کار دوطرفہ تعاون پر متفق

پشاور ۔سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین مشترکہ معاشی سرگرمیوں کے لئے اقدامات اٹھانے ‘ کاروباری روابط کے فروغ ‘ تجارتی وفود کے تبادلے ‘ بزنس ٹو بزنس روابط ‘ تجارتی معاملات میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے ‘ جدہ اور پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں صنعتی وتجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے اور سپورٹ کرنے ‘ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے ایک دوسرے کو اعتماد میں لینے اور ایگزیبیشنز اور سیمینارز کے انعقاد کے حوالے سے ایک MOU پر دستخط ہوئے ہیں۔

جبکہ سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی نے جدہ کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک سعودی عرب تجارتی و اقتصادی تعلقات کے تناظر میں سعودی پاکستانی ٹریڈ سیشن کا جدہ میں انعقاد کیاگیا جس کا اہتمام سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کیا تھا ۔ 12 جنوری سے 17 جنوری تک جاری رہنے والے مختلف سیشن میں سرحد چیمبر ‘ کراچی چیمبر ‘ لاہور چیمبر ‘ راولپنڈی چیمبر ‘ اسلام آباد چیمبر اور ہری پور چیمبر سمیت 30پاکستانی کاروباری حضرات اور 86 سعودی فوڈ اور بلڈنگ میٹیریل کمپنیوں نے شرکت کی اور سعودی اشیاء کی پاکستان برآمدات کے حوالے سے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم اجلاسوں اور سیشنز کا اہتمام کیاگیا ۔

سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی کے ہمراہ سرحد چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد ‘ عدیل رؤف ‘ ذوالفقار علی خان ‘ ہری پور چیمبر کے صدر عطاء الرحمان جبکہ کراچی چیمبر کے صدر جنید مکدہ ‘راولپنڈی چیمبر کے صدر ملک شاہد ‘ اسلام آباد چیمبرز کے صدر احمد مغل اور سعودی پاک چیمبر کے صدر میاں محمود بھی موجود تھے ۔ سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی کی سربراہی میں وفد نے جدہ آمد پر سعودی عرب کے نائب وزیر برائے توانائی ‘ صنعت ‘ و معدنی وسائل انجینئر صالح الوالنی سے ملاقات کی جبکہ سعودی وزیر پٹرولیم اور ڈپٹی گورنر جدہ اور وائس چیئرمین سعودی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بھی ملاقات کی ۔

6روزہ دورے میں بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا انعقاد بھی کیاگیا جبکہ سعودی ایکسپورٹ اتھارٹی کے ویژن 2030پر سرحد چیمبر کے وفد کو بریفنگ بھی دی گئی ۔ سعودی عرب کے دورے کے موقع پر پاکستانی وفد کو سعودی انڈسٹریل سیکٹر کا دورہ بھی کرایاگیا جبکہ دورے کے اختتام پر پاکستانی وفد کے اراکین نے عمراہ کی ادائیگی بھی کی ۔ وطن واپسی پر سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی نے اپنے دورے کو پاکستان سعودی تعلقات کے فروغ کی راہ میں اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ سرحد چیمبر اور جدہ چیمبر کے مابین MOU سے دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔