63

چوہدری برادران کیساتھ معاملات حل ہوگئے‘ فیاض چوہان

لاہور۔پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری برادران کیساتھ معاملات حل ہوگئے ہیں۔ہفتہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے اور مسئلہ حل ہو گیا ہے، چوہدری برادران کو علم ہے کہ کون ان کا دوست اور کون دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سب سے زیادہ ذہین اور زیرک سیاستدان ہیں، مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہوگی، چوہدری برادران اس نظام کے اہم پلرز ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمار یاسر کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق نہیں، وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خود بات کرلیتے تو مسئلہ حل ہوجاتا ، عمار یاسر ہمارے ساتھی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی رہیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر معدنیات عمار یاسر نے اپنے کام میں مداخلت کا شکوہ کرکے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ چوہدری برادران کی جانب سے بھی حکومتی رویے اور معاہدے پر تحفظات کی اطلاعات تھیں۔