43

کراچی میں کاروبا ر کیلئے ماحول سازگار بنانے کی ہدایت

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی معاشی حب ہے ،کاروباری ماحول بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،وزیراعظم نے سرمایہ کاری اجلاس مستقل بنیادوں پر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور صوبائی سیکرٹریز شریک ہوں گے،وفاق اور صوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دفاتر قائم کیے جائیں گے ، ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر ، مشیر تجارت عبدالرازاق داؤد،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اوراقتصادی ماہرین نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سہولیات پر بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین کے ساتھ صنعتی شعبے میں تعاون کیلئے معاہدہ طے پا گیا ہے ، سعودی عرب سے بھی سرمایہ کاری کیلئے معاہدہ اسی ماہ ہوگا ،متحدہ عرب امارات کیساتھ سرمایہ کاری معاہدہ آئندہ ماہ کیا جائے گا ، سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکسز کی تعداد کو 47سے کم کر کے 21کردیا گیا ہے۔

صوبوں میں سوشل سیکیورٹی کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار لانے کی منظوری دی گئی ہے ،سندھ ،پنجاب میں سوشل سیکیورٹی کی ادائیگی ای پے منٹ سسٹم سے ہوگی ،نئے نظام کے تحت ویلیوایڈڈ ٹیکس کاری فنڈ کم وقت میں حاصل ہوسکے گا ، ویلیوایڈڈٹیکس کے ریفنڈ کیلئے نیا نظام 31مارچ تک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پنجاب میں ایس ای سی پی سے صوبائی پورٹلز ،ای او بی آئی کو ضم کیا گیا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں بھی جلد ایسا پورٹل لانچ کیا جا رہا ہے ،پورٹلز کے اجراء سے نئے کاروبار کے آغاز میں آسانی ہوگی ،برآمدات ، درآمدات کی کلیئرنس کی مدت کو کم کیا جا رہا ہے ۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کراچی میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی معاشی حب ہے ،کاروباری ماحول بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے سرمایہ کاری اجلاس مستقل بنیادوں پر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور صوبائی سیکرٹریز شریک ہوں گے ۔اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دفاتر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں ۔