38

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش

اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش کردیا ۔پیر کو سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا مہمند ڈیم عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی تو اٹارنی جنرل نے عدالت میں ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش کردیا۔دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ واپڈا بہت دیر سے عدالت سے رابطے میں نہیں ہے اور سمجھتا ہے اب اس کی من مانی ہے، وہ ہمیں الگ کرنا چاہتا ہے اس کو دیکھ لیں گے، ڈیمز کی تعمیر کی ابتداء عدالت عظمی نے کی اور نگرانی بھی عدالت ہی کرے گی۔

ہمیں یہ بتائیں تعمیر کب شروع ہوگی اور کب ختم ہوگی؟۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ رواں سال جون سے بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن شروع کر دیں گے، دسمبر 2019میں کام شروع اور اپریل 2022میں ایک حصہ مکمل کریں گے، ڈیم کی تعمیر 2027میں مکمل ہوگی۔چیف جسٹس نے کہا کہ 2025میں تو پاکستان میں پانی ختم ہو جائیگا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔