36

پی آئی اے کی فضائی میزبانوں کو 6ماہ کی مہلت

کراچی۔پی آئی اے نے اپنی فضائی میزبانوں سمیت جہاز کے عملے کو وزن کم کرنے کے لیے 6 ماہ کا وقت دے دیاہے، زیادہ تر افراد کو 30پاؤنڈ وزن کم کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر لائن نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرکے عالمی معیار کے مطابق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیبن کریو کو 6 ماہ کی مہلت دے دی ہے، جن ملازمین کو مہلت دی گئی ہے ان کی تعداد 1800 ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 31 جنوری تک جن ملازمین کا وزن، عالمی معیار سے 30 پاؤنڈ زیادہ ہے ، ان سب کو گراؤنڈ کرکے ایئر کریو اسپتال بھیجا جائے گا۔ مراسلے پر جنرل منیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر کے دستخط ہیں۔ذرا ئع نے بتایاکہ ایئر کریو کو اسپتال میں وزن کم کرنے کی مشق کرائی جائے گی جس کے لیے ہدف جون 2019 تک 30 پاؤنڈ وزن کم کرنا ہے۔ اس کے بعد بھی عملے میں سے کسی کا وزن کم نہیں ہوا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ایک گائیڈ لائن بھی فراہم کی گئی ہے ۔

جس کے تحت فروری میں10پاؤنڈ، مارچ میں5، اپریل میں 5، مئی میں بھی5اور جون میں باقی ماندہ 5 پاؤنڈ وزن کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مقررہ وقت کے بعد یکم جولائی 2019 کو عملے کے اراکین کا دوبارہ وزن کیا جائے گا اور صرف ان ملازمین کو فلائٹ پر جانے کی اجازت دی جائے گی جن کا وزن مقررہ حد کے عین مطابق ہوگا، ذرا سے بھی اضافی وزن والے عملے کو جہاز پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔