191

پشاور میں آئس تیار کرنے والی فیکٹری کا سراغ

پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں وسیع پیمانے پر آئس تیار اور سپلائی کرنے والی فیکٹری کا سراغ لگا لیا گیا ہے پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی مدد سے کاروائی کرکے 4 رکنی گروہ کو گرفتا ر کرلیا جبکہ فیکٹری سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس، ہزاروں نشہ آور گولیاں، انجکشن ٗچرس اور دیگر آلات برآمد کرلئے جبکہ فیکٹری کو سیل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال نے اے ایس پی فقیر آبادمحمد شعیب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روز سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان کو اطلاع ملی کہ قاضی کلے میں چند مشکوک افراد منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں ۔

اطلاع ملتے ہی سی سی پی او کی ہدایت پر ان کی نگرانی میں قائم خصوصی ٹیم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی مدد سے سراغ لگا کر چھاپہ مارا تو فیکٹری سے کروڑوں روپے مالیت کی پندرہ کلو گرام آئس ‘ 7 ہزار 300سے زائد نشہ آور انجیکشنز ‘ 50 ہزار کے قریب ایچ ٹی سی نشے گولیاں ‘ 4 کلو گرام چرس ‘ دو ہزار سے زائد انجیکشن کی خالی بوتلیں برآمد کرلیں۔

جبکہ منشیات تیار کرنیوالی فیکٹری میں موجود اوزار ‘ سامان ‘ مشینری برآمد کر کے چار ملزمان کو گرفتار کر کے فیکٹری کو سیل کردیا گرفتار ہونے والے ملزمان میں ماصل خان ولد میر ویس سکنہ پڑانگ چارسدہ حال سردار احمد جان کالونی ‘ مراد ولد اجمل سکنہ سر دریاب ‘ ہمایون ولد عبد الرزاق سکنہ بخشو پل اور عمران ولد عبد الرب نشتر سکنہ لنڈی کوتل شامل ہیں ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں منشیات تیار کر کے ملک کے دیگر شہروں سمیت بیرون ملک سمگل کر نے کا بھی انکشاف کیا ہے جنہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دےئے ہیں ۔