28

شیخ رشید کا ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری سیاسی طور پر بلاول بھٹو زرداری کو پھنسوادیں گے جبکہ 30 مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی۔

لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ رواں سال 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے جن میں دو وی وی آئی پی ٹرینیں بھی شامل ہیں، ریلوے کا ایف ایم ریڈیو بھی شروع کررہے ہیں، انجنوں میں ٹریکر لگائے جائیں گے، اس ماہ وزیراعظم کے پاس وقت ہوا تو ٹرینوں میں ٹریکرز لگائے جانے کا افتتاح کردیا جائیگا، ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کررہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30 مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی، میں ہمیشہ نمبرون سے دوستی اور نمبر ون سے ہی دشمنی کرتا ہوں، شاہد خاقان ایل این جی کا چور ہے اس کو جیل جانا ہے، ایک بدبو دار میرے خلاف بول رہا ہے کیوں کہ میں شہباز شریف کیخلاف عدالت جارہا ہوں، آصف زرداری سیاسی طور پر بلاول بھٹو زرداری کو پھنسوادیں گے، کوئی ایک مثال دکھا دیں کہ کسی شخصیت کا وصیت نامہ کسی ملازمہ سے ملا ہو۔

شیخ رشید نے پنجاب فوڈ اتھارٹی پر برستے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار چور، ڈاکو اور بہت بڑے ایمان ہیں، یہ لوگ حالات کو خراب کر رہے ہیں اور ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، انہیں حرام کھانے سے فرصت نہیں، دو دو ہفتے کے لیے غریبوں کی دکانیں بند کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کروں گا، انہوں نے ماما جی کی عدالت لگائی ہوئی ہے، خود ہی الزام لگاتے ہیں خود فیصلہ کرتے ہیں، صاف کپڑے نہ پہننے اور پنکھے پر مٹی لگی ہونے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ کردیتے ہیں، کیا ان کے باپ کے پیسے ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ای سی ایل میں نام نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے ملزمان بیرون ملک فرار ہوجاتے ہیں تاہم ای سی ایل میں سے غیر ضروری نام نکال دینے چاہئیں، یہ انصاف کا تقاضا ہے، اگر کسی کو ضروری کام سے دبئی یا لندن جانا ہو تو وہ مجھے درخواست دے میں اسے 30 روز کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دلوانے کی کوشش کروں گا۔