51

تخت بھائی کھنڈرات ‘ سیاحوں کیلئے چیئر لفٹ بنانے کا اعلان

پشاور۔خیبر پختونخواکے سینئر وزیر برائے سیاحت،آثار قدیمہ، وامورنوجوانان عاطف خان نے تخت بھائی،جمال گڑھی اور شہباز گڑھی میں واقع آثار قدیمہ کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد اور دیگر حکام انکے ہمراہ تھے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے سینئر وزیر عاطف خان کو تخت بھائی ٗجمال گڑھی اور شہباز گڑھی کھنڈرات کی تاریخ اور گندھارا تہذیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر سینئر وزیر نے تخت بھائی کھنڈرات میں سیاحوں کی آسانی کے لئے چیئر لفٹ بنانے ٗسری بہلول کے راستے بدھ مت کی اس مقدس جگہ تک جانے والا ہزاروں سال پرانا راستہ دوبارہ بحال کرنے ٗ تخت بھائی کھنڈرات میں آرٹ گیلری، ہوٹل ٗکیفے ٹیریا,سیکورٹی سسٹم،واش رومز اور پارک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیسکو کی جانب سے پاکستان میں 6 مقامات ورلڈ ہیرٹیج قرار دئیے گئے جن میں ایک تخت بھائی بھی ہے

بدھ مت کی جگہ کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پرکشش بنایا جائے گا جس سے مقامی سطح پر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونے کے علاوہ معیشت کی مضبوطی اور عالمی سطح پر صوبے کی ساکھ بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔تخت بھائی کھنڈرات کے بعد سینئر وزیر نے جمال گڑھی اور شھباز گڑھی کھنڈرات کا دورہ بھی کیا۔

عاطف خان نے سوات ایکسپرویس وے سے جمال گڑھی کھنڈرات تک لنک روڈ بنانے کے علاوہ جمال گڑھی اور شھباز گڑھی کھنڈرات کو تخت بھائی طرز کی تمام تر سہولیات دینے کا اعلان بھی کیا۔ عاطف خان نے کہا کہ بدھ مت کے آثار کو عالمی سطح پر متعارف کیا جائیگاجاپان،چین،انڈونیشیا،فلپائن،نیپال،بھوٹان اور کوریا سمیت کئی ممالک کے لوگ خیبر پختونخوا خوا میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں ان ممالک کو آسان شرائط پر ویزے کی فراہمی یقینی بنائیں گے