95

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید، 9 زخمی ​​​​​​​

راولپنڈی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے کیرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور 9 زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو ہدف بنایا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید ہوئیں جس کی شناخت آسیہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے شہری آبادی پر فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹ کو موثر جواب دیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آٹھ مقام کی شہری آبادی محصور ہوکر رہ گئی ہے جب کہ فائرنگ سے 9 خواتین زخمی بھی ہوئیں جنہیں فوری طور ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھ مقام منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر براہ راست فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ہندوستانی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بزدلانا فعل ہے اس طرح کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہندوستانی فوج کی خواہش ہے کہ سویلین آبادی ایل اوسی سے پیچھے ہٹ جائے۔