52

میرا امتحان شروع ہوچکا ہے ٗ نتیجہ ریٹائرمنٹ پر نکلے گا،چیف جسٹس

لاہور ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے پیشہ ورانہ زندگی میں خلوص نیت سے کام کرنے کو اصل خدمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا امتحان شروع ہوچکا ہے، جس کا نتیجہ میری ریٹائرمنٹ پر نکلے گا، زندگی بامقصد ہونی چاہیے،مجھے اپنے پیشے سے محبت ہے کسی ادارے یا صوبے سے نہیں، قوم کی خدمت کیلئے 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں سوتا،نجی کالجزواسپتال بزنس ہاسزبن چکے ہیں ، عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

میرا مقصد ہمیشہ خلوص پرمبنی رہا،، عدلیہ کا کام نہیں کہ اسپتال چلانا شروع کردے،جہاں غلطیاں تھیں توہمارا فرض تھا کہ مداخلت کرتے،عوام کے بنیادی حقوق کی ذمیداری کا تحفظ ہمارا فرض ہے، جوپانی پینے کے قابل نہیں اس کوبھی نچوڑاجا رہا ہے، منرل واٹرایشوپرنوٹس لیا، کیا میں نے خود بوتلیں بنانی ہیں،ں پرکیا سوموٹو لینا دائرہ اختیارسے تجاوزکرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیف جسٹس نے سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں تقریب سے خطاب کے دوارن گریجویٹس ہونے والے تمام طلبہ کومبارکباد دی۔چیف جسٹس نے کہا کہ آج دوسرا موقع ہے کہ میں ڈاکٹرز سے خطاب کررہا ہوں، میں نے بطورچیف جسٹس کچھ وعدے کیے، اپنے وعدوں پرکتنا عمل کیا وہ قوم پرچھوڑرہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، میرا مقصد ہمیشہ خلوص پرمبنی رہا، امتحان ہے، میری ریٹائرمنٹ کے بعد نتائج شروع ہوں گے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان کا ہرتعلیمی ادارہ، اسپتال میرے لیے برابر ہے، بلوچستان کے سب سے بڑے اسپتال کی حالت ابتر تھی۔انہوں نے کہا کہ اسپتال میں الٹرا سانڈسمیت کئی آلات نہیں تھے، آسامیاں خالی تھیں، میری محبت کسی خاص اسپتال یاعلاقے سے نہیں اس شعبے سے ہے۔ 

کسی قوم یا معاشرے کی ترقی کا رازعلم وتعلیم حاصل کرنا ہے، جتنے بھی وسائل ہیں تعلیم کے لیے مختص کرنے چاہئیں۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ جوپانی پینے کے قابل نہیں اس کوبھی نچوڑاجا رہا ہے، منرل واٹرایشوپرنوٹس لیا، کیا میں نے خود بوتلیں بنانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صاف پانی کے وسائل نہیں، ہمیں توجہ دینی چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 7 بلین گیلن پانی واٹرکمپنیاں مفت استعمال کررہی تھی، پہلے سماعت میں اس پر ٹیکس لگانے کا کہا، مسئلوں پرکیا سوموٹو لینا دائرہ اختیارسے تجاوزکرنا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی انصاف کے حصول کے لیے کام کیا ہے، میری زندگی کا مقصد ہمیشہ اپنے پیشے سے مخلص رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں خلوص نیت سے ذمہ داری نبھانا ہی اصل خدمت ہے، میرا امتحان شروع ہوچکا ہے، جس کا نتیجہ میری ریٹائرمنٹ پر نکلے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ زندگی بامقصد ہونی چاہیے، کیڑے مکوڑے کی طرح بے مقصد نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو زندہ رہنے کا حق ہے اور طب کا شعبہ سب سے زیادہ ذمہ دارہے، لہذا ڈاکٹر حضرات کو چاہیے کہ اپنے حلف کی صحیح پاسداری کریں۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اسپتالوں کو چلانا میرا یا عدالتوں کا کام نہیں تھا لیکن وہاں پر غلطیاں ہو رہی تھیں، اداروں کی غلطیوں کا سدباب کرنا عدلیہ کی قانونی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے ماضی کی یادوں کو کھنگالتے ہوئے بتایا کہ میں 8 برس کی عمر میں اپنی والدہ کو تانگے پر بٹھا کر ڈاکٹر کے پاس لیکر جاتا تھا اور کئی کئی گھنٹے تک ڈاکٹروں کے پاس جا کر بیٹھا رہتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ والدہ نے مجھے اور میرے بھائی کو انسانیت کی خدمت کی نصیحت کی اور دعا کی اے اللہ! جو تکلیفیں تھیں تونے مجھے دے دیں، میری اولاد کو محفوظ رکھنا۔چیف جسٹس نے کہا کہ جو شخص کسی عذاب سے گزرتا ہے۔

اسے دوسرے کی تکلیفوں کا احساس ہوتا ہے، میں نے بھی والدہ کی نصیحت کو پلے سے باندھ کر اپنی زندگی کا مشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں خیبرپختونخوا میں جو کرنا چاہ رہا تھا، نہیں کرسکا لیکن پنجاب اور سندھ میں صحت کے شعبوں میں تبدیلیاں آئی ہیں،انہوں نے کہا کہ سفارش ختم، میرٹ کی بنیاد پرلوگوں کی تقرری کی گئی جس کا نتیجہ آیا۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نجی اسپتال تعلیم گاہیں نہیں، بزنس سینٹر بن چکے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ تمام نجی اسپتالوں کی نہیں، مخصوص اداروں کی بات کر رہے ہیں۔چیف جسٹس نے بتایا کہ انہوں نے نجی میڈیکل کالجوں کی لاکھوں روپے فیس میں سے 726 ملین روپے بچوں کو واپس دلوائے۔اپنے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم یا معاشرے کی ترقی وخوشحالی کے لیے تعلیم بنیادی درجہ رکھتی ہے اور میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کروں۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میں ہمیشہ اس بات پر زور دیتا ہوں کہ ہمیں اپنے وسائل کو تعلیم پر لگانا چاہیے۔چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی آبادی بڑھ رہی ہے اور وسائل کم ہوتے جا رہے ہیں، آج پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ ایک لاکھ، 21 ہزار روپے کا مقروض ہے۔خطاب کے دوران چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا پانی کی کمی کے معاملے پر بات کرنا غلط ہے؟

کیا صاف پانی کے مسئلے پر ازخود نوٹس لینا میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا؟آخر میں چیف جسٹس نے کہا کہ پانی سے لیکر ادویات کی حد تک ہمیں کوشش کرنا ہوگی کہ بہتری لائیں۔