39

زرداری کے خلاف کیسز نوازشریف سے زیادہ سنجیدہ ہیں: شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہےکہ زرداری کو پتا ہے کہ ان کے خلاف کیسز نوازشریف کے کیسز سے ہزار گنا زیادہ سنجیدہ ہیں اور زرداری کے وکیل خود کہہ رہے ہیں ہم برے پھنس گئے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میرا کلیجہ پھٹا ہوا ہے لوگ ہمیں طعنے دے رہے ہیں، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کے لیے سنجیدہ ہوں صرف عمران خان سے حیا آتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ یہ لوگ چوری بھی کریں اور سینہ زوری بھی، ضرورت ہوئی تو دوسری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بناکر اس کا چیئرمین بن جاؤں گا۔

انہوں نے کہا زرداری نے بلاول کو بھینٹ چڑھوادیا وہ معصوم کو مروا رہا ہے، زرداری کو پتا ہے کہ ان کے خلاف کیسز نوازشریف کے کیسز سے ہزار گنا زیادہ سنجیدہ ہیں، زرداری کے وکیل خود کہہ رہے ہیں برے پھنس گئے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ جو زیادہ بول رہا ہے سمجھ لیں اس کی باری آنے والی ہے، خورشید شاہ زیادہ ٹیں ٹیں نہ کریں، ان کا وہی مستقبل ہے جو زرداری کا ہے۔

شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ کو شرم و حیا ہے تو استعفیٰ دیں، ہمارے بھی دو وزرا نے استعفیٰ دیا، مراد علی شاہ اور یہ سب زرداری کے ملازم ہیں، ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری پارٹیوں کے نیب زدہ لیڈروں کا لیڈر شہباز شریف ہے، یہ لوگ سیاسی جونکیں ہیں جو ہمارا خون چوس رہی ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ چیف جسٹس کے کہنے پر ایل این جی کا کیس دینے گیا تھا، شاہد خاقان عباسی کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں آرہا، اندرون سندھ کچھ نہیں ہونے جارہا چیخیں نہ ماریں، مقابلہ کریں، اگر گڑدینے سے مسئلہ حل ہورہا ہے تو زہر دینے کی ضرورت نہیں البتہ (ن) لیگ میں فارورڈ بلاک بنتا دکھائی دے رہا ہے۔