47

بی آرٹی پشاور مقررہ وقت میں ہی تعمیر ہوگی ‘ اجمل وزیر

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایات کے مطابق بی آرٹی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو پہلے ہی پابند کیا گیا ہے اور اس حوالے سے کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔اُنہوں نے کہا کہ شیلٹر ہومز میں رات گذارنے والے شہریوں کو تما م تر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تما م دستیاب وسائل بروئے کا رلائے جارہے ہیں ۔

وہ گذشتہ روز بی آرٹی منصوبے اور پجگی روڈ شیلٹر ہوم کے دورے کے موقع پرمتعلقہ حکام سے بات چیت کررہے تھے ۔ترجمان نے فردوس، ہشتنگری اور نشتر آباد میں بی آرٹی منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام پر واضح کیا کہ یہ منصوبہ پہلے ہی کافی تاخیر کا شکار ہوچکا ہے اور اس میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

سابقہ نگران حکومت کے دور میں اس منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہوا لیکن اب وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اس کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور متعلقہ سرکاری حکام اور کنٹریکٹرز پر بھی واضح کردیا گیا ہے کہ تاخیر کا سبب بننے والے اس کی سزا بھی بھگتیں گے ۔اجمل خان وزیر نے گذشتہ رات پجگی روڈ پر بے گھر افراد کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بننے والے شیلٹر ہوم (پناہ گاہ)کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر مقیم افراد کو دئیے گئے سہولیات کا جائزہ لیا اور ان سے ان کے مسائل معلوم کیے ۔

صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ شیلٹر ہومز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے اور جلد ہی اس کا دائرہ صوبے کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا ۔