45

امن کاقیام افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے،آفتاب شیرپاؤ

پشاور۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ خطے میں امن کاقیام افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے۔اتوار کو وطن کور پشاور سے جاری ہو نے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کوشیشوں کو تیز کرنا چاہیئے کیونکہ امن کے بغیر خطے میں ترقی اور خوشحالی کا حصول ممکن نہیں۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ اسلام آباد کو دونوں اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیئے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کابل میں ہونے والے سہ فریقی بات چیت کے دوران دستخط شدہ مفاہمت کی یاداشت کے بارے میں پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ افغانستان میں امن کیلئے کی جانے والی کوشیشوں کو کامیاب بنانے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائے تاکہ جنگ سے تباہ حال ملک میں امن کا قیام ممکن بنایا جا سکیں۔

حکومت کی اب تک کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے اور حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اوراگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنے والے دنوں میں ملک کی معیشت مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔