62

حکومت کا ایک اور منی بجٹ لانے کا امکان ​​​​​​​

 اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ایک اور منی بجٹ لانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریونیو شارٹ فال پورا کرنے اور انسداد منی لانڈرنگ و اسمگلنگ سمیت ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے ایک اور منی بجٹ لائے جانے کا امکان ہے جس میں نان فائلرز کیلئے ٹیکس کی شرح میں مزید اضافہ زیرغور ہے اور منی بجٹ کے تحت ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے نان فائلرز کے خلاف گھیرامزید تنگ کیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نان رجسٹرڈ لوگوں کے لیے اشیاء کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح میں مزید 2 سے 3 فیصد اضافے کا امکان ہے، جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا بھی امکان ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق بجٹ یا ریونیو اقدامات سے متعلق ہونے والی ورکنگ کو پالیسی بورڈ میں پیش کیا جارہا ہے، اب پالیسی سازی کا اختیار پالیسی بورڈ کے پاس جارہا ہے، اس کے علاوہ مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس بیس بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لاکر ریونیو بڑھایا جائے، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر و ایف بی آر کی ٹیم اس بارے میں جلد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔