79

کشمیریوں کے قتل عام پر دنیا اتنی بے حس کیسے ہوسکتی ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کی ترجیحات میں کشمیر شامل نہیں لیکن وہ بھارتی مظالم پر اتنی بے حس اور لاتعلق کیسے ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج قتل عام پر اتر آئی ہے، پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جاتی تھی لیکن اب شہید کرنے کے لیے سیدھی فائرنگ کی جاتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کی ترجیحات میں کشمیر شامل نہیں لیکن وہ اتنی بے حس اور لاتعلق کیسے ہوسکتی ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو بولنے میں تو کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیے، اگر کشمیر پر آوازاٹھانے میں دقّت ہے تو کم از کم انسانی حقوق پر تو آواز اٹھائیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد بھارتی مظالم نے حدیں پار کرلی ہیں، پلوامہ میں ایک روز میں 14 شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں 2018 میں جوبھارتی ظلم و ستم ہوا وہ ناقابل بیان ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے 2016 سے اب تک 500 نہتے کشمیری شہید کئے گئے ہیں، 18 ماہ کی بچی آنکھ میں چھرہ لگنے سے بینائی سے محروم ہو گئی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انسانی حقوق کے کمشنر اور او آئی سی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کریں، تمام پاکستانی سفارتکاروں کو مسئلے کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے کہ عالمی برداری کی توجہ دلائیں کہ وہ انسانیت سوز قتل عام کو فی الفور رکوانے میں کردار ادا کریں، امید ہے عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشتگردی پر آواز اٹھائے گی۔