138

حکومت کا بجلی چوری روکنے کیلئے خصوصی اقداما ت کا فیصلہ

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ملک میں سالانہ 250 ارب سے زائد کی بجلی چوری ہوتی ہے اور ہر سال گردشی قرضوں میں ساڑھے چار سو ارب روپے کا اضافہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ پیسکو میں بجلی چوری روکنے کیلئے پشاور ، ڈی آئی خان اور بنوں میں تین ہزار میٹر بینڈڈ کیپسل اکتیس دسمبر 2019 تک لگائی جائے گی پورے ملک میں بجلی کی بوسیدہ لائنیں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

بلوچستان میں ستائیس ہزار ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا ۔ بدھ کے روز وقفہ سوالات کے دوران خاتون رکن اسمبلی شمس النساء کے ضمنی سوال کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے کہا کہ متبادل توانائی کی نئی پالیسی اگلے سال مارچ تک آجائے گی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی بجائے 45 متبادل توانائی کے منصوبے رک گئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت متبادل توانائی سے بجلی کا حصول پانچ ہزار میگا واٹ ہے پوری دنیا میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کا ریٹ کم ہورہا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ متبادل توانائی کے ایسے منصوبے شروع کریں جس سے کم سے کم لاگت میں بجلی پیدا ہوسکے سید نوید قمر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ حکومت قلیل مدت کیلئے بجلی ٹیرف میں اضافہ نہیں کرے گی ۔

ہمارا مقصد صرف بجلی کی مد میں سرمایہ کاری نہیں ہے بلکہ عوام کوسستی بجلی بھی فراہم کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ بجلی کا ٹیرف سابقہ حکومت کا تھا اس کا ہماری حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے نیپرا نے تین روپے 84 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی تھی مگر ہم نے متوسط طبقے یعنی تین سو یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی اس طرح زرعی شعبے اور صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی قیمتیں کم رکھی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزارت بجلی اپنے ذرائع سے ایک ارب چھپن کروڑ روپے کی بچت کرے گی جے یو آئی کی رکن اسمبلی شاہدہ اختر علی کے ضمنی سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ پاکستان میں 250ارب روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوتی ہے پیسکو کا اس سال 65سے 70 ارب بھی خسارہ ہوگا جہاں پر تین ہزار میٹر لگنے چاہیے وہاں پر صرف تین میٹر لگائے گئے ہیں ٹاسک فورس نے آٹھ ہزار افراد پر ایف آئی آر درج کی ہے اس طرح پیسکو کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف بی کارروائی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ، بنوں ، ڈی آئی خان میں تین ہزار کیبل ایل بی بینڈ لگائے گئے جس پر کنڈا نہیں لگایا جاسکے گا ۔ مولانا عبدالکبر چترالی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے کہا کہ چترال میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے اور پورے پاکستان میں ساٹھ ہزار میگا واٹ بجلی پانی سے پیدا کی جاسکتی ہے ۔

حکومت اس کو دیکھ رہی ہے ہمی بجلی کی کتنی ضرورت ہے ہم اس ڈیمانڈکے مطابق بجلی پیدا کرینگے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی حنا ربانی کھر کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ٹیرف بھی نیپرا دے گی انہوں نے کہا کہ اس وقت صارفین اپنے بل میں 35 فیصد کیپسٹی ٹیرف کی مد میں ادا کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ 27فیصد صارفین کو ابھی تک بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے۔

رکن اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ پورے ملک میں ٹرانسمیشن لائنیں پرانی ہوچکی ہی جس کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری صرف کنڈہ سے نہیں بلکہ مختلف بجلی کمپنیوں کے بعض اہلکار بھی عوام کے ساتھ بجلی چوری میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی کی ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بدقستمی سے سابق کسی بھی حکومت نے سرمایہ کاری نہیں کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سرکلر ڈیٹ میں گزشتہ ڈیڑھ سالوں کے دوران 450 ارب روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے جب تک بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں ٹھیک نہ ہوں اس وقت تک بجلی کی زائد پیداوار کو کوئی فائدہ نہیں ہے اس وقت پاکستان میں 19 ہزار پانچ سو میگا واٹ سے زائد بجلی کی ترسیل ممکن نہیں ہے جس سابقہ حکومتوں کی مس مینجمنٹ کا خمیازہ موجودہ حکومت اور قوم بھگت رہی ہے ۔

رکن اسمبلی اختر مینگل کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے بتایا کہ ستائیس ہزار ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی سے منسلک کررہے ہیں بلوچستان میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پانی کے ذخیرے بنانے کی ضرورت ہے رکن اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں پر سبسڈی دے رہے ہیں۔

موجودہ حکومت نے زرعی ٹیوب ویلوں پر فکس چارجز بھی ہٹا دیئے ہیں انہوں نے کہاکہ یونیفارم ٹرانسفر پالیسی لارہے ہیں شہروں میں چھوٹے چھوٹے ٹرانسفارمر ورکشاپ کو ختم کرینگے انہوں نے کہا کہ زیادہ آبادی والے علاقوں میں ہائی ٹرانسمیشن لائنیں ہٹانے کیلئے وزارت اقدامات کررہی ہے بجلی کی کم وولٹیج کا مسئلہ زیادہ لوڈ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

رکن اسمبلی راؤ اجمل کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی عمر ایوب نے کہا کہ ٹیوب ویل کنکشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی زرعی شعبے کو سبسڈی پر بجلی کی فراہمی جاری رہے گی ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی اقبال محمد علی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے علاقوں میں درپیش مسائل حل کرنے کیلئے منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ مشترکہ میٹنگ کرینگے اور ان کے تحفظات دور کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے مختلف ڈسکوز میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے چار سو ملین ڈالر کا ایک معاہدہ کررہے ہیں جس سے بجلی کی چوری روکنے اور پورے نظام کوکمپیوٹرائزڈ کریں گے رکن اسمبلی مسرت رفیق کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی عمر ایوب نے کہا کہ سمندر کے پانی سے بجلی پیدا کرنے کی ٹیکنالوجی موجود ہے تاہم یہ پائیدار نہیں ہے اور پورے دنیا میں اس پر کم توجہ دی جا رہی ہے۔

رکن اسمبلی سید غلام مرتضی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ تربیلا ڈیم میں ساڑھے چار سو فٹ کا پہار پن چکا ہے تربیلا کی لائف بڑھانے کیلئے دیگر ڈیم بنانے کی ضرورت ہے رکن اسمبلی حنیف اکبر کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر بجلی نے کہا کہ پیسکو میں بجلی چوری کیخلاف جہاد شروع کیا ہے بجلی چوری سے سالانہ چھیاسٹھ سے ستر ارب روپے نقصان ہورہا ہے اور لائن لاسز پنتالیس فیصد سے بڑھ گئے ہیں جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ اکتیس دسمبر دو ہزار انیس تک کیبل اور نئے میٹر لگائے گئے ۔