66

آج تک جو ہوا سیاست دانوں نے کیا ، سید خورشید شاہ

کراچی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سیدخورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں آج تک جو ہوا سیاست دانوں نے کیا اور ہم ایسی تبدیلی نہیں چاہتے جو مرغی کے انڈوں پر چلے۔

بدھ کے روز ملیر بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ آج تو لوگ یو ٹرن کو بھی اپنی کامیابی کی کہانی کہتے ہیں، لیکن ہم تو وہ سیاست دان ہیں جو وعدہ پورا کرنے کے لیے تختہ دار پر چڑھنا جانتے ہیں، پاکستان آنے سے روکا جاتا ہے ہم آتے ہیں شہید ہوجاتے ہیں یو ٹرن نہیں لیتے جب کہ آپ حکومت میں آئے ہو جو وعدے کیے پورے کرو ، ہم ایسی تبدیلی نہیں چاہتے جو مرغی کے انڈوں پر چلے، مرغی کے انڈے والی باتیں نہ کرو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں آج تک جو ہوا سیاست دانوں نے کیا، سیاستدانوں سے غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن ملک کو نہیں توڑا، سیاست دانوں نے ہاری ہوئی جنگیں جیتیں، 18 سالوں میں ملک توڑ دیا گیا، تین جنگیں لڑیں، ڈیم کیوں نہیں بنے، کیوں کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کم رہی۔ انہوں نے کہا کہ قائد آعظم کے بعد 52 سے 70 تک ڈکٹیرز کا کنٹرول رہا۔

اس ملک میں پیروکریٹس کو لایا گیا، سکندر مرزا جیسے لوگ آئے، پارلیمنٹ پر بھی انکا کنٹرول رہا، انہوں نے 62 کا آئین بھی دیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ اس ملک کو اگر کوئی بچا سکتا ہے ترقی دلوا سکتا ہے تو وہ سیاست دان ہیں لیکن کچھ آمروں نے لوگوں کے ذہنوں میں ایسی باتیں ڈالی ہیں کہ ہماری توجہ مسائل پر نہیں ہوتی، عوام کی جب تک سیاست میں دلچسپی نہیں ہوگی تو کچھ نہیں بدلے گا، مجھے فخر ہے کہ میں سیاست دان ہوں، یہ ملک سیاست دانوں نے بنایا۔