121

پشاور میں فنی مہارت سے بنے اشیاء کے سٹالز کی نمائش

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے گذشتہ روز NAVTTCنیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کمیشن ریجنل آفس حیات آباد پشاور کا دورہ کیا اور وہاں NAVTTCکے زیر اہتمام صوبے کے مختلف فنی وپیشہ ورانہ مہارت کے حامل فنی مہارت کے مقابلوں کے تحت سجائے گئے سٹالزکا معائنہ کیا ۔

اس موقع پر ڈی جی نیوٹیک ڈاکٹر فہیم نے سپیکر مشتاق غنی کو نیوٹیک کی طرف سے شروع کردہ مختلف فنی تربیتی کورسزپر تفصیلی بریفنگ دی اور صوبے کے مختلف فنی تعلیم کے اداروں کے طلباء وطالبات کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کروایا ۔اس موقع پر طلباء وطالبات کی جانب سے مختلف قسم کے سٹالز لگائے گئے جن میں آٹومکینک ،دستکاری ،فیشن ڈیزائن،الیکٹریشن،کوکنگ ،برائیڈل میکنگ وغیرہ شامل تھے ۔

سپیکر مشتاق احمد غنی نے فرداًفرداًتمام سٹالزپر موجودطلباء وطالبات سے ملاقات کی اور ان کے جذبے اور کام کو سراہا۔اس موقع پر سپیکر مشتاق احمدغنی نے کہا کہ یہ ان کے لئے خوشی کی بات ہے کہ وہ اس موقع پر اپنے ہونہار نوجوانوں کے درمیان موجود ہیں جوکہ فنی تعلیم کی زیور سے آراستہ اور اس ملک کا مستقبل ہیں۔انہوں نے نیوٹیک کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کی کہ انہوں نے قلیل سرمائے کے باوجود بے روزگارنوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کیا ۔

نیوٹیک نہ صرف نوجوانوں کو فنی تعلیم دے رہا ہے بلکہ ان کو ماہانہ وظیفہ بھی دیتاہے ۔اس ادارے کے تربیت یافتہ کچھ نوجوان اس وقت ملک کے مختلف اداروں میں کام کررہے ہیں اور کچھ اپنے طور پر چھوٹاموٹاکاروبار کرکے اپنا اور اپنے گھر والوں کا سہارابنے ہوئے ہیں۔سپیکرنے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ترقیاتی ایجنڈے میں اس نقطے پر زور دیا ہے کہ ہم نے ایک کروڑلوگوں کو روزگار دیناہے۔ 

نیوٹیک جیسے ادارے اس ٹارگٹ کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے۔یہ بات نہایت حوصلہ افزاہے کہ تربیتی پورگرام کے دوران زیر تربیت افراد کو نہ صرف مفت تربیت دی جاتی ہے بلکہ ان کو ماہانہ وظیفہ بھی دیاجاتاہے اور کورس مکمل ہونے پر ٹول کٹ بھی فراہم کی جاتی ہے ۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ نیوٹیک مارکیٹ اور انڈسٹری کو انتہائی مطلوب ٹریڈیعنی trade Demand drivenاپنے پروگرام میں شامل کررہا ہے ۔

جدید انڈسٹری ٹریننگ میں شمولیت سے یقیناًان نوجوانوں کے روز گار کے مواقع اندرون اور بیرونی ملک کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے مقابلہ ہنرمندی میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی مہارت اور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے نیوٹیک کی تربیت اور ان طلباء کے جذبے کو شاندار الفاظ میں سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نوشہرہ میں فنی تعلیم کی یونیورسٹی بنائی ۔

یہ یونیورسٹی نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کریگی اور ان کو پی ایچ ڈی کے لیول تک کی تعلیم مہیاکرے گی۔آخرمیں سپیکر مشتاق احمد غنی نے نیوٹیک کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کارآمد فنی تعلیم وتربیت کے پروگرامز کی میڈیامیں پروموشن اور عوام میں آگاہی کی شدید ضرورت ہے خیبرپختونخواکی حکومت بشمول وفاقی حکومت ان اداروں کو ہرممکن سہولت اور سرپرستی فراہم کریگی۔