35

الیکشن کمیشن کے 2 ارکان قرعہ اندازی پر ریٹائر

اسلام آباد۔ الیکشن کمیشن کے دو ارکان26 جنوری کو ریٹائر ہوں گے، الیکشن کمیشن میں کی گئی قر عہ اندازی کے مطابق ممبر سندھ عبدالغفار سومرو اور ممبر بلوچستان شکیل احمد بلوچ ریٹائر ہوں گے ، نئے ارکان کی تقرری کے لئے وزیر اعظم قائد حزب اختلاف کے مشورے سے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے ۔

پارلیمانی کمیٹی اسپیکر کی جانب سے تشکیل دی جا ئے گی ،جس میں 50 فیصد اراکین حکومتی بینچوں اور 50 فیصد اراکین حزب اختلا ف کی جماعتوں سے ہوں گے ۔پیر کو ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 215کے تحت الیکشن کمیشن کے دو ممبران کا پہلا دورانیہ ڈھائی سال مقرر ہے جو کہ جنوری 2019 کو ختم ہو رہا ہے اس کے تحت الیکشن کمیشن کے دوممبران اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے کے ڈھائی سال بعد ریٹائر ہو ں گے۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی زیر صدارت ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چاروں ممبران ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سیکرٹری لاء اور سیکرٹری پارلیمانی امور نے شرکت کی، تقریب میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق قرعہ اندازی کی گئی ، قرعہ اندازی میں دو ممبران عبد الغفار سومرو اور شکیل احمد بلوچ 26 جنوری کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے ، جبکہ باقی دو ممبران اپنی 5 سال کی مدت ملازمت پوری کریں گے ۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کے لئے وزیر اعظم قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے مشورے سے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے ، پارلیمانی کمیٹی اسپیکر کی جانب سے تشکیل دی جا ئے گی ،جس میں 50 فیصد اراکین حکومتی بینچوں اور 50 فیصد اراکین حزب اختلا ف کی جماعتوں سے ہوں گے ۔