44

ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں، وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ گورنر ہاؤس میں وزیراعظم سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے وفد اور تاجروں و صنعت کاروں نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی اس ملاقات میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے، کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ اور مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں، آپ ہمیں تجاویز دیں، بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا اور وفاقی کابینہ ارکان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بعدازاں عمران خان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات بھی متوقع ہے۔