41

مالم جبہ اراضی کیس ، تین اعلیٰ عہدیداروں کو نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے کے پی کے میں مالم جبہ اراضی کیس میں وزیراعلیٰ محمود خان ‘ صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

یہ نوٹسز آئندہ چند روز میں مذکورہ شخصیات کو جاری کردیئے جائیں گے۔ نیب ذرائع کے مطابق مالم جبہ میں 272کنال اراضی لیز پر دینے کے کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان اور صوبائی وزیر عاطف خان کو اس لئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے کہ وہ اس کیس میں نیب کی معاونت کریں گے اور نیب ان سے مالم جبہ میں سیر گاہ کے لئے دی گئی اراضی کے معاملے پر ہونے والی پیش رفت سے سوال کرے گا۔

جبکہ سینیٹر محسن عزیز کو اراضی الاٹ کرنے والی کمیٹی کا رکن ہونے کی وجہ سے نوٹس جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس کیس میں سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک سمیت ان کی کابینہ کے دیگر افراد کو بھی نیب نے شامل تفتیش کررکھا ہے۔