82

غربت دور کرنے کےفارمولے کا مذاق اڑانے والوں کو وزیر اعظم کا کرارا جواب

وزیراعظم عمران خان نے مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے معیشت کی بہتری کی اپنی تجویز پر تنقید کے جواب میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 'دیسی' لوگ مرغی کے ذریعے غربت کے خاتمے کی بات کریں تو غلامانہ ذہنیت والے مذاق اڑاتے ہیں، لیکن جب 'ولایتی' یہی بات کریں تو وہ شاندار کہلاتا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دیہاتی خواتین مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے غربت کا خاتمہ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیاں اور انڈے فراہم کرے گی، جس سے وہ اپنا پولٹری کا کاروبار کر سکیں گی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کی آزمائش ہوچکی ہے، حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیوں کے لیے غذائی انجیکشنز بھی فراہم کرے گی تاکہ مرغیاں جلد صحت مند ہوسکیں۔

واضح رہے کہ 2016 میں مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے غربت سے نمٹنے کے لیے 'مرغیاں پالو اور غربت مٹاؤ' نامی ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت برکینا فاسو اور نائیجیریا سمیت مغربی افریقی ممالک کو ایک لاکھ چوزے عطیہ کیے جانے تھے۔

اگرچہ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کا یہ غربٹ مٹاؤ ماڈل ایک جیسا ہی معلوم ہوتا ہے، لیکن عمران خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر بہت تنقید اور مذاق کا نشانہ بنایا گیا۔ حتیٰ کہ لوگوں نے اسے 'مرغی معیشت' اور'انڈہ اکانومی' کا بھی نام دے ڈالا۔ اسی تنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان خود میدان میں آئے اور اپنے ٹوئٹر پیغام میں تنقید کرنے والوں کو جواب دے ڈالا۔

عمران خان نے بل گیٹس کے پولٹری فارمنگ کے ذریعے غربت مٹانے کے منصوبے سے متعلق ایک بلاگ شیئر کیا اور 'غلامانہ ذہنیت رکھنے والوں' کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'نوآبادیات سے متاثر (غلامانہ) ذہنوں کو مرغبانی کے ذریعے غربت کے خاتمے کا خیال مضحکہ خیز دکھائی دیتا ہے مگر جب "گورے" دیسی مرغیوں (مرغبانی) کے ذریعے غربت مٹانے کی بات کرتے ہیں تو اسے "خیالِ نادر" قرار دیکر یہ عش عش کراٹھتے ہیں۔