105

اثاثہ قدیمہ کو محفوظ اور خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آرکیالوجی سیاحت و ثقافت عا طف خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے ہزاروں سال پرانے مذہبی مقامات موجود ہیں جو مذہبی سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور اس مقصد کے لئے 50 کروڑ روپے بھی رکھے گئے ہیں جو صوبے کے مختلف علاقوں میں موجود آثارِقدیمہ کو محفوظ اور خوبصورت بنانے پر خرچ کی جائیگی۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میوزیم کے دورے کے موقع پر کیا۔سینئر وزیر نے گندھارا تہذیب کے مختلف مجسمے اور قدیم دور کے نوادرات دیکھے.ڈائریکٹر میوزیم نے اس موقع پر سینئر وزیر کو صوبے میں آثار قدیمہ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں پہلے کی نسبت حالات کافی بہتر ہوئے ہیں جسکی وجہ سے غیر ملکی سیاح ایک بار پھر خیبر پختونخوا کا رخ کررہے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے ہزاروں سال پرانے آثار موجود ہیں جو چائینہ،جاپان اور کوریا کے لئے مذہبی لحاظ سے اہمیت رکھتے ہیں,ان ممالک کے باشندے ان مقامات میں دلچسپی رکھتے ہیں ان جگہوں کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ اسکے ذریعے صوبے میں مذہبی سیاحت فروغ پائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے چائنہ نیپال جاپان اور کوریا سمیت مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوچکی ہے جہاں بڑی تعداد میں بدھ مت کے پیروکار موجود ہیں جو یہاں موجود بد ھ مت کے ہزاروں سال پرانے باقیات دیکھنے کے لئے آنے کے خواہاں ہیں۔انکو اسان شرائط پر ویزے سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیگی جس سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔