69

پاک افغان سرحدپر باڑ لگانے کیلئے 20 ارب روپے منظور

اسلام آباد۔وفاقی کابینہ نے پاک افغان سرحدپر.19 2018 کے دوران باڑ لگانے کے لئے20 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کو فاضل چینی اور کاشتکاروں کے واجبات کی ادائیگیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ۔

وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا ہرصورت تحفظ کیا جائے گا ریڈیو کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز سے متعلق مسئلہ کے حل کے لیے چالیس کروڑ روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ،محاصل انتظامیہ کے بارے میں الگ سے ٹیکس پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے یہ معاملہ حکمران جماعت کے انتخابی منشور کا اہم حصہ ہے قانونی اور تکنیکی معاملات طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔ 2018-19ء کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پولٹری ایسوسی آف پاکستان کو فاضل گندم کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

جمعرات کو کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ نے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے سخت مالیاتی نظر و ضبط کا فیصلہ کیا ہے۔ آمدن اور بجٹ کے تخمینہ کے مطابق حکومتی اخراجات کو کنٹرول میں رکھا جائے گا۔ کابینہ نے ملک میں سرپلس چینی کی دستیابی سے متعلق معاملے پر بھی تفصیل سے غور کیا ہے ۔

کاشکاروں کے شوگر ملز کے ذمہ واجبات کا جائزہ لیا گیا۔ معاملے کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سپرد کر دیاگیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی فاضل چینی اور کاشتکاروں کو واجبات کی ادائیگیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لیے قابل عمل سفارشات پیش کرے گی ۔بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے گنے کے کاشکاروں کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تاکہ شوگر ملز سے متعلق ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ریڈیو پاکستان کی مالی مشکلات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ بالخصوص ریڈیو کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز سے متعلق مسئلہ پر غور کیا گیا اس مقصد کے لیے چالیس کروڑ روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ اس حوالے سے ریڈیو پاکستان کو ریلیف مل سکے۔

کابینہ نے ریڈیوپاکستان کے ادارے پر سخت مالیاتی نظم وضبط اور آمدن میں اضافہ کے لیے خصوصی پلان وضع کرنے پر زور دیا ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کسی ملازم کو ادارے سے نہ نکالا جائے ۔کابینہ نے ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے سرچ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔

کابینہ نے سنٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی لمیٹڈ کے لیے عائلہ ماجد،غیاث الدین احمد اور حامد علی خان کو آزاد و خود مختار ڈائریکٹرز کی حیثیت سے تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ڈرگ کورٹ بلوچستان کے لیے فیصل احمد کو ممبر ون مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 2018-19ء میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی ہے جو کہ 22 نومبر 2018ء کے اجلاس میں کیے گئے تھے۔اجلاس کے دوران پاکستان سٹیل ملز کے فوت شدگان ملازمت کے ورثاء کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2018-19ء کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پولٹری ایسوسی آف پاکستان کو فاضل گندم کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔