لاہور۔ ناروول میں واقعہ کرتار پور بارڈر کھولے جانے کی کل باقاعدہ تقریب منعقد ہو گی۔ جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دو مختلف بھارتی وفود واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ پندرہ بھارتی صحافیوں پر مشتمل ایک وفد منگل کی صبح واہگہ کے راستے لاہور پہنچا جسے رینجرز کی سخت سیکورٹی کے حصار میں لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں پہنچایا گیا ہے جبکہ بھارت کے معروف سابق کرکٹر نو جوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ایک دوسرا وفد منگل کی دوپہر لاہور پہنچا۔
دونوں بھارتی وفود آج نارووال میں ہونے والے کرتار پور کو ریڈور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ لاہور پہنچنے پر نو جوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور کو ریڈور امن کا راستہ ہے۔ جو آج کھل گیا ہے۔ بھارتی سکھ کمیونٹی کو کرتار پور کوریڈور کھلنے کی بہت خوشی ہے۔ جس پر سکھ کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہب کو سیاست کے چشمے سے نہ دیکھا جائے۔ جنہوں نے دوریاں پیدا کیں ہم انہیں معاف کرتے ہیں۔ پاکستانی حکومت کے اس اقدام سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ اب دونوں ملک ترقی کریں گے۔ آج بابا گورونانک کے لئے کرتار پور کوریڈور کھل گیا ہے۔









