92

شہبازشریف کا اسلام آباد میں میڈیکل چیک اپ مکمل

اسلام آباد۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے خون کے نمونے لیے گئے اور سی ٹی اسکین بھی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین کی حتمی رپورٹ منگل کو ملنے کا امکان اور اسی روز ڈاکٹرز شہباز شریف سے دوبارہ ملاقات میں انہیں صورتحال پر بریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد طبی ماہرین مستقبل کے لئے حکمت عملی تجویز کریں گے۔یاد رہے کہ نیب نے 22 نومبر کو شہباز شریف کا خون ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ میں کروموگرینن اے کی علامات کی نشاندہی ہوئی تھی۔نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو منگل کو ہوائی جہاز کے ذریعے لاہور لے جایا جائے گا اور روانگی کیلئے ٹکٹ(آج) پیر کو حاصل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دیا تھا جبکہ میڈیکل بورڈ نے کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ بھی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔واضح رہے کہ شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے اور ان کے خون کی حالیہ تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔