78

ڈیم فنڈ ریزنگ مہم کیلئے چیف جسٹس برطانیہ روانہ

اسلام آباد۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ایک ہفتے کے نجی دورے پر برطانیہ روانہ ہوگئے جہاں وہ لندن، برمنگھم اور مانچسٹر میں ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ ریزنگ تقاریب میں شرکت کریں گے جب کہ ڈیم کی تعمیرکے لیے جمعہ (23 نومبر) کو مانچسٹر سے لائیو ٹیلیتھون بھی ہوگی۔، سینیئر قانون دان ظفر اقبال کلانوری اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر پیر کلیم احمد خورشید بھی چیف جسٹس کے ہمراہ جائیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان آج بدھ کو لنکن اِن میں پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے منعقد تقریب میں شرکت کریں گے۔جمعرات (22 نومبر) کو وہ بیٹر فار پالیسی ڈائیمنشن کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیے میں شریک ہوں گے۔جمعہ 23 نومبر کو چیف جسٹس مانچسٹر میں فنڈریزنگ ڈنر میں شریک ہوں گے۔مانچسٹرمیں فنڈریزنگ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے دوست انیل مسرت کی جانب سے منعقد کرائی جارہی ہے۔

ڈیم کی تعمیرکے لیے ایک نجی ٹی وی پر جمعہ کو مانچسٹر ہی سے لائیو ٹیلیتھون بھی منعقد کی جائیگی۔عمران خان لوورز یوکے اینڈ یورپ کے مطابق ان کی جانب سے فنڈریزنگ کی ایک تقریب 25 نومبر کو منعقد کی جائے گی۔26 نومبر کو چیف جسٹس ورلڈ کانگریس اوورسیز پاکستان کے زیر اہتمام تقریب میں کمیونٹی سے ملاقات کریں گے جبکہ یوکے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے تحت بھی فنڈ ریزنگ کی تقریب ہوگی۔

علاو ہ ازیں جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سینئر جج جسٹس عظمت سعید شیخ نے سپریم کورٹ میں منقعدہ تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے دورہ برطانیہ کے دوران جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔