74

پشاور ریپڈ بس منصوبے پر 80فیصد کام مکمل

پشاور۔پشاور ریپڈ بس منصوبے پر 80فیصد سے زائدکام مکمل کر لیا گیا ہے ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے حکام نے گزشتہ روز دورہ پشاور کے موقع پر ریچ ون ، ٹو ، تھری کامعائنہ کیا کنسٹرکشن کمپنیوں نے بی آر ٹی منصوبے پر انہیں بریفینگ دی جس پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کمپنیوں کے کارکردگی کو سراہتے ہو ئے کام کو تسلی بخش قرار دیا اٹھائیس کلو میٹر طویل منصوبے کے لئے زیر زمین اور اوپر کے سٹیشنز کی تعمیر آخری مرحلے میں ہیں ۔

ترجمان کے مطابق منصوبے سے ہزاروں افرادکو روز گار مہیا ہو گا۔ بی آر ٹی منصوبے کے ریچ ون اور ریچ ٹو پر آٹھ زیر زمین سٹیشن اور اوپر کے سٹیشن آخری مرحلے میں ہیں ۔ تینوں کمپنیوں کی جانب سے کام کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور عالمی میٹریل کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جس پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی کمپنیوں کی کارکردگی کو سراہا بی آر ٹی منصوبے کے ایک سال میں تینوں مرحلوں میں 80فیصد سے زائد کام مکمل ہوا ہے۔

خیبر بازار میں سائیڈوال کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے جبکہ شعبہ بازار اور ہسپتال روڈپر پلوں کی تعمیرآخری مرحلے میں ہیں جس کے لئے بڑ ی بڑی گاڑیاں بھی منگوائی گئی ہے ۔ بی آر ٹی منصوبے کے تحت پشاور کے ہزاروں مسافروں کو آنے جانے میں آسانی ہو گی کمپنیوں کی کارکردگی پر پہلے سے ہی خیبر پختونخوا حکومت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے جی ٹی روڈ ، خیبر بازار ، صدر روڈ ، تہکال روڈ ، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر مقامات پر منصوبے پر سڑک کی تعمیر کاکام بھی شروع کردیا ہے۔