37

شوکت علی یوسفزئی 5روزہ دورے پر یورپ روانہ

پشاور۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی پانچ روزہ دورے پر یورپ چلے گئے وہ 28اکتوبر کو ڈنمارک اور یکم نومبر کو ناروے میں پاکستان کمیونٹی کے زیر اہتمام بھاشاڈیم کے لئے منعقدہ فنڈریزنگ تقاریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ ان کو دورے کی دعوت پی ٹی آئی ڈنمارک اور ناروے نے دی ہے ۔ شوکت یوسفزئی کے ہمراہ سینیٹر فیصل جاوید بھی جارہے ہیں ،مذکورہ تقاریب میں سابق قومی کرکٹر شعیب اختر کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔

شوکت یوسفزئی 03نومبر2018ء کو واپس اپنے ملک آئیں گے ۔ دورے کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اوورسیز سچے پاکستانی ہیں جو دیا ر غیر میں بیٹھ اپنے ملک پاکستان کی ترقی کا سوچتے ہیں ۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اس دورے میں ڈیم کے لئے کروڑوں روپے جمع ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے ، سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف ا داروں کو تباہ کیا بلکہ ملک کو مقروض بناکر خزانہ خالی چھوڑ دیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان ایک باصلاحیت لیڈر ہے وہ ملک کو درپیش مسائل و مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لئے 50لاکھ گھروں کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا جارہا ہے اور انشاء اﷲ چند ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کار یہاں پر سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو جائیں گے ۔شوکت یوسفزئی نے اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج احتساب سے بچنے کے لئے نواز شریف ، آصف علی زرداری ، فضل الرحمان اور فضل الرحمان میں پیار کا رشتہ پیدا ہو گیا ہے وہ حکومت کے خلاف محاذ بنانے میں مصروف ہیں تاہم عوام کو ان کا ماضی اچھی طرح یاد ہے اور دوبارہ ان کے دھوکے میں نہیںآئیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت ان کی دباؤ میں آنے والی نہیں اور ان کا کھڑا احتساب کیا جائے گا ۔