65

وزیراعظم شکایتی سیل کاآج سے باضابطہ آغاز

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان کا عوام سے براہ راست رابطہ رکھنے کے لئے وزیراعظم شکایتی سیل کا (آج) پیر سے باضابطہ آغاز ہوگا، انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اہم اقدام کرتے ہوئے عوام سے براہ راست رابطہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم شکایتی سیل کا کل سے باضابطہ آغاز ہوگا، جہاں عمران خان عوام کی شکایات خود سنیں گے۔وزیراعظم عمران خان ہیومن رائٹس، کرپشن،قبضہ مافیا ، بیورو کریسی اور دیگر مسائل پر نوٹس لیں گے۔

وزیراعظم شکایتی سیل کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تمام محکمے شکایتی سیل کے احکامات پر فوری ایکشن کے پابند ہوں گے۔وزیراعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ مسائل کیحل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔یاد رہے 8 اکتوبر کو وزیراعظم پاکستان نے اپنے دفتر میں شکایات سیل بنانے کا فیصلہ کیا تھا ، شکایتی سیل 40 ٹیلی فون لائنزپر مشتمل ہوگا اور سیل صبح9 بجے سے دفتری اوقات میں کام کرے گا۔پورے پاکستان سے شکایات سیل میں کالز کی جاسکیں گی جبکہ ای میل۔

واٹس ایپ کے ذریعے بھی رابطے ہوسکیں گے۔خیال رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدام اٹھاتے ہوئے عوامی ڈلیوری یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا تھا، یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی، چاروں صوبوں سے 2 ،2 افسر فوکل پرسن کے طور پر شامل ہوں گے۔واضح رہے انتخابات میں کامیابی کے بعدعمران خان نے ہر ہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا اعلان کرتے ہوئے اور کہا تھا کہ فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کیلئے کروں گا۔