156

افریقی تارکِ وطن بچے کو بچانے کیلیے 30 سیکنڈ میں چوتھی منزل جاپہنچا

پیرس: فرانس کے شہر پیرس میں ایک افریقی غیر قانونی تارک وطن نے بہادری اور فوری فیصلے کے تحت 4 منزلہ عمارت کی بالکونی سے لٹکے بچے کو بچالیا جس کے بعد اسے ہیرو قرار دیا گیا ہے۔

22 سالہ ماموڈو گساما کا تعلق افریقی ملک مالی سے ہے جو ہفتے کے روز پیرس کے گیئر ڈیو نورڈ ریلوے اسٹیشن سے گزر رہا تھا کہ اس نے ایک عمارت کے نیچے ہجوم دیکھا جو چوتھی منزل سے لٹکے ایک چار سالہ بچے کو دیکھ کر خوف زدہ ہورہا تھا۔ ماموڈو اپنی جان کی پروا کیے بغیر ہاتھوں کی مدد سے عمارت پر چڑھ گیا اور چوتھی منزل پر پہنچ کر بچے کو بچالیا۔ اس کے بعد لوگوں نے اسے ’اسپائیڈرمین‘ کا نام دیا ہے۔

اس واقعے کے بعد ماموڈو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور عوام نے اس تارکِ وطن کو فرانسیسی شہریت اور میڈل دینے کی درخواست کی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اب فرانسیسی صدر نے بھی اس سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پیرس کے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے ماموڈو نے بتایا کہ مجھے بچوں سے محبت ہے اور جب میں نے بالکونی سے گرتے بچے کو دیکھا تو سوچا کہ سیڑھیوں سے جانا بے کار ہوگا اسی لیے میں نے فوری طور پر ایک منزل سے دوسری منزل تک جانے کا فیصلہ کیا اور اپنے خطرے کو بھی نظرانداز کردیا۔

پیرس کی میئر اینے ہڈالگو نے بھی ماموڈو کو سراہا ہے۔ میئر پیرس نے اپنے ٹویٹ میں کہا، ’ ماموڈو گاساما کو مبارک باد جس نے گزشتہ شب اپنی بہادری سے ایک بچے کی جان بچائی۔ میں نے آج ہی اس سے فون پر بات کی اور اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔