برطانوی شہزادہ ہیری اپنی دیرینہ دوست اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
برطانوی شاہی شادی کے دنیا بھر میں چرچے ہیں، دلہن کے جوڑے، شاہی تاج، انگوٹھی، شہزادہ ہیری کے لباس اور شاہی روایات میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ایسی ہی ایک دلچسپ بات شہزادہ ہیری کی نئی نویلی دلہن میگھن مارکل کے عروسی جوڑے کے حوالے سے بھی سامنے آئی ہے۔
میگھن نے اپنی زندگی کے اہم ترین دن پر جو عروسی لباس زیب تن کیا اس پر پاکستان کے قومی پھول چنبیلی سمیت تمام 53 کامن ویلتھ ممالک کے پھولوں کو دھاگے سے کشید کیا گیا تھا۔
امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کا جوڑا معروف خاتون فیشن ڈیزائنر کلیئر ویٹ کیلر نے تیار کیا جو روایتی سیفد رنگ کا تھا اور لباس کے ساتھ جو گھونگھٹ تیار کیا گیا تھا اس کی لمبائی 5 میٹر تھی۔
میگھن مارکل کے سر پر سجے ملکہ میری کے ہیرے کے تاج نے اس گھونگھٹ کو تھاما ہوا تھا، سامنے سے جالی دار گھونگھٹ نے میگھن کے چہرے کو ڈھکا ہوا تھا جبکہ گھونگھٹ کا پچھلا حصہ زمین پر دور تک پھیلا ہوا تھا۔
میگھن مارکل نے ڈریس ڈیزائنر سے خود یہ فرمائش کی تھی کہ ان کے شادی کے جوڑے پر دولت مشترکہ کے تمام 53 ممالک اور ان کے آبائی علاقے کیلی فورنیا کے پھولوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ اس طرح میگھن مارکلے نے پاکستان سمیت دولت مشترکہ کے 53 ممالک کو اپنی شادی کے موقع پر یاد رکھ کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
میگھن کی فرمائش پر ڈیزائنر نے 5 میٹر طویل گھونگھٹ پر پاکستان کے قومی پھول چنبیلی سمیت دیگر کامن ویلتھ ممالک کے پھولوں کو سوئی دھاگے کے ذریعے بُننے کا بندوبست کیا۔
ہر پھول کو اس طرح ریشمی کپڑے پر بنایا گیا کہ اس کی انفرادیت برقرار رہے، اس کام پر ورکرز نے سیکڑوں گھنٹے صرف کیے اور وہ ہر 30 منٹ بعد اپنے ہاتھ دھوتے تھے تاکہ دھاگے اور کپڑے کی سفیدی اور چمک متاثر نہ ہو۔